بارہ اکتوبر کو امریکا کے شہر ہیوسٹن میں دسویں ہم ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں شوبز ستاروں نے اپنی شاندار پرفارمنسز سے محفل کو چار چاند لگا دیے۔تاہم، تقریب کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جس نے صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکار یاسر حسین اور حریم فاروق تقریب کی میزبانی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ اس دوران وہ مشہور ڈرامے کا ایوارڈ دینے کے لیے سجل علی کے ہمراہ ایک سینئر آفیشل کو اسٹیج پر مدعو کرتے ہیں۔

ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا گیا کہ جب سجل علی سینئر آفیشل کے ساتھ اسٹیج پر پہنچتی ہیں تو یاسر حسین اور حریم فاروق آپس میں گفتگو میں مصروف رہتے ہیں۔ سجل علی جب چند سیکنڈز تک خاموش کھڑی رہتی ہیں تو حریم فاروق انہیں بولنے کے لیے کہتی ہیں۔

اس پر سجل علی تھوڑا توقف کرتے ہوئے کہتی ہیں: “پہلے آپ لوگ بول لیں۔”

جواب میں یاسر حسین اور حریم فاروق کہتے ہیں: “نہیں، ہمارا ہو گیا، اب آپ بولیں۔”

سجل علی مسکراتے ہوئے جواب دیتی ہیں: “دیکھ لیں کہیں اسکرپٹ میں کچھ رہ نہ گیا ہو۔”

جس پر یاسر حسین ہنستے ہوئے کہتے ہیں: “لائنے کون دیکھ رہا ہے!”

بعدازاں جب سجل علی اور ان کے ساتھ موجود آفیشل ایوارڈ کا اعلان کر رہے ہوتے ہیں تو حریم فاروق درمیان میں دوبارہ ایوارڈ کے حوالے سے کچھ بولنے کی کوشش کرتی ہیں، جس پر سجل علی انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہتی ہیں:

“حریم یہ کچھ کہنا چاہتی ہیں۔”

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے اس پر مختلف آراء سامنے آرہی ہیں۔

بعض صارفین کا کہنا ہے کہ یاسر حسین کا اندازِ گفتگو سجل علی کو برا لگا ہوگا۔ اگرچہ ایوارڈ شوز میں مزاح کا عنصر ہونا چاہیے، لیکن اس بات کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے کہ کسی کا دل نہ دکھے۔

دوسری جانب کچھ صارفین کا خیال ہے کہ سجل علی بلاشبہ ایک بہترین اداکارہ ہیں، تاہم ان کا رویہ اکثر غیر معمولی محسوس ہوتا ہے۔