انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ اگر میرے کانٹینٹ سے کوئی منفی اثر ہوا، میں پوری قوم سے معافی مانگتا ہوں۔
ویڈیو کے آغاز میں ڈکی بھائی نے کہا کہ اگر کوئی سمجھ رہا ہے کہ اس ویڈیو کا مقصد مجھ پر ہونے والی ایف آئی آر کی جسٹیفکیشن ہے تو میں معذرت کرتا ہوں۔ میرا مقصد صرف یہ ہے کہ اگر کبھی میرے کانٹینٹ سے یا میری کسی پروموشن سے منفی اثر ہوا ہو تو میں پوری قوم سے معذرت خواہ ہوں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کی ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ وہ لوگوں کو تفریح فراہم کریں، مگر اگر کبھی جانے یا انجانے میں کوئی ایسا مواد سامنے آیا جس سے نیگٹیو امپیکٹ پیدا ہوا، تو اس پر وہ شرمندہ ہیں اور معافی کے طلبگار ہیں۔
ڈکی بھائی نے مزید کہا کہ وہ تمام عدالتی کارروائی کا قانونی طور پر سامنا کریں گے، میں عدالت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہوں۔ میرے کیس کے جج صاحب جو بھی فیصلہ کریں گے میں اسے قبول کروں گا۔
ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ 16 اگست 2025 کی صبح وہ خوشی کے ساتھ جاگے کیونکہ گھر میں دعوت کا اہتمام تھا۔ مہمانوں کے جانے کے بعد وہ ایک غیر ملکی ایونٹ میں شرکت کے لیے پیکنگ میں مصروف تھے۔ انہوں نے کہا کہ گھر سے نکلتے وقت انہیں اندازہ بھی نہیں تھا کہ ان کی زندگی کا مشکل ترین دور شروع ہونے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ویڈیو میں وہ اپنے اور اپنی فیملی کے گزشتہ ساڑھے تین ماہ کے تجربات بیان کر رہے ہیں، جو ان کی زندگی کے سب سے کٹھن دنوں میں شمار ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ 17 اگست کو ڈکی بھائی کو جوا ایپس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے الزام میں لاہور ایئرپورٹ سے بیرون ملک جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔ مقدمے میں ایف آئی اے نے متعدد شواہد کا حوالہ دیا تھا، جن کی بنیاد پر انہیں حراست میں لیا گیا۔
بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ان کی درخواست ضمانت منظور کی، اور 26 نومبر کو انہیں رہا کردیا گیا۔






