لاہور سے تعلق رکھنے والے مختلف الیکٹرانک میڈیا چینلز کے ٹورازم بیٹ رپورٹرز نے ریزارٹ کا خصوصی دورہ کیا، جس کے دوران بیس سے زائد صحافیوں نے وہاں موجود جدید سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر صحافیوں نے گلمپنگ پوڈز اور ٹری ہاؤسز کا معائنہ کیا اور قدرتی حسن سے بھرپور ماحول کو سراہا۔
ریزورٹ میں جدید طرزِ تعمیر کے تحت سات گلمپنگ پوڈز اور چار ٹری ہاؤسز قائم کیے گئے ہیں جبکہ سیاحوں کی سہولت کے لیے ایک ریسٹورنٹ بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آرچری، اے ٹی وی رائیڈز اور سٹار گیزنگ جیسی تفریحی سرگرمیوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
دورے کے دوران صحافیوں کو ریزورٹ میں فراہم کی جانے والی رہائشی سہولیات، ماحول دوست تعمیرات اور سیاحت کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکا نے ریزورٹ کے منفرد تصور اور سیاح دوست سہولیات کو سراہتے ہوئے اسے پنجاب میں سیاحت کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
صحافیوں کا کہنا تھا کہ یہ ریزورٹ نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سیاحوں کے لیے بھی کشش رکھتا ہے اور اس سے خطے میں سیاحت کے ساتھ ساتھ مقامی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔
اسی سلسلے میں ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب نے پٹریاٹہ ٹاپ پر بھی چار نئے ٹری ہاؤسز قائم کیے ہیں، جن کا مقصد ماحول دوست سیاحت کو فروغ دینا اور سیاحوں کو منفرد انداز میں قیام کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
محکمہ سیاحت کا کہنا ہے کہ ایسے منصوبوں کے ذریعے پنجاب کے خوبصورت اور کم دریافت شدہ علاقوں کو سیاحتی نقشے پر لایا جا رہا ہے اور سیاحوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔







