کرسمس سجاوٹ کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ایک خصوصی ٹوئٹ کیا ہے جس میں انہوں نے لبرٹی چوک پر نصب کرسمس ٹری کو محبت، تنوع اور شمولیت کی علامت قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام اس بات کی واضح دلیل ہے کہ پنجاب میں اقلیتیں نہ صرف محفوظ ہیں بلکہ انہیں قدر و احترام کے ساتھ معاشرتی ڈھانچے کا اہم حصہ سمجھا جاتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور یہ سجاوٹ اسی سوچ کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  پنجاب سب کا ہے اور یہاں ہر مذہب، ہر ثقافت اور ہر شہری کو برابر کا احترام حاصل ہے۔

دوسری جانب عوامی حلقے اور سوشل میڈیا صارفین بھی لبرٹی چوک کی اس منفرد اور خوبصورت سجاوٹ کو خوش آئند قرار دے رہے ہیں۔

صارفین کا کہنا ہے کہ یہ نہ صرف مسیحی برادری کے لیے حوصلہ افزا قدم ہے بلکہ پاکستان کے مثبت، پرامن اور ہم آہنگ معاشرتی چہرے کو بھی دنیا کے سامنے اجاگر کرتا ہے۔