اپنی آنے والی رومانوی فلم ’نیلوفر‘ کی تشہیری مہم میں مصروف فواد خان حالیہ دنوں ساتھی اداکارہ ماہرہ خان کے ہمراہ متعدد انٹرویوز دے رہے ہیں۔

 اسی سلسلے میں انہوں نے صحافی ملیحہ رحمٰن کو دیے گئے انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی اور فلم سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔

فواد خان نے انکشاف کیا کہ انہیں اپنی اہلیہ صدف فواد سے پہلی نظر میں محبت ہوئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ 1998 کی سردیوں میں جب لاہور دھند کی لپیٹ میں رہتا تھا، وہ ایم ایم عالم روڈ پر واقع ’فور سیزنز‘ نامی ریسٹورنٹ میں پہلی بار صدف سے ملے، جو اس وقت ایک بینکوئٹ ہال کے طور پر استعمال ہوتا تھا۔

اداکار کے مطابق سردیوں میں لاہور کا ماحول ہمیشہ سے منفرد اور دلکش رہا ہے۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ لاہور ایک بہترین کلاسیکل رومانوی شہر ہے اور دھند والے موسم میں یہاں محبت ہو جانا بالکل آسان ہے۔

واضح رہے کہ فواد خان نے سال 2005 میں صدف فواد کے ساتھ شادی کی، جن سے ان کا ایک بیٹا اور دو بیٹیاں علائینا اور بیا ہیں۔