انڈین اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق رنبیر کپور ان دنوں ہندو مذہبی کہانی پر مبنی اپنی آنے والی فلم ’رامائن‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں وہ بھگوان رام کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کی شوٹنگ کے آغاز پر اداکار نے اعلان کیا تھا کہ وہ مٹن اور بیف سمیت ہر طرح کا گوشت کھانے سے پرہیز کریں گے۔

اداکار کی میڈیا ٹیم نے بھی اس وقت دعویٰ کیا تھا کہ رنبیر کپور فلم میں بھگوان رام کے کردار کے احترام میں شراب، سگریٹ اور گوشت کا مکمل طور پر استعمال ترک کر دیں گے۔

تاہم سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی نئی ویڈیو میں رنبیر کپور کو کپور خاندان کے افراد کے ساتھ ایک دعوت میں مٹن، بیف، مچھلی اور پائے کا سالن شوق سے کھاتے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد صارفین نے انہیں اور ان کی پی آر ٹیم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

وائرل کلپ دراصل ’ڈائننگ ود دی کپورز‘ نامی شو کا حصہ ہے، جو راج کپور کی 100ویں سالگرہ کے حوالے سے تیار کیا گیا تھا اور اسی دوران رنبیر کپور کی فلم ’رامائن‘ کی شوٹنگ بھی جاری تھی۔

حال ہی میں رنبیر نے انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ فلم میں لارڈ رام کا کردار ادا کرنے کے لیے سخت ’ساتوک‘ (ساتوِک) لائف اسٹائل اپنا چکے ہیں اور انہوں نے شراب، سگریٹ اور نان ویجیٹیرین کھانے چھوڑ دیے ہیں۔

لیکن وائرل ویڈیو میں انہیں چاول کے ساتھ مچھلی کا سالن، جنگلی مٹن اور پائے کھاتے دیکھا جا سکتا ہے، جب کہ ان کے ساتھ اداکارہ نیتو کپور، کرینہ کپور اور سیف علی خان بھی موجود ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے رنبیر کپور اور ان کی پی آر ٹیم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم جھوٹے دعووں کے ذریعے اداکار کی امیج سازی کی کوشش کر رہی ہے۔

ایک صارف نے لکھاکہ پی آر ٹیم نے دعویٰ کیا تھا کہ رنبیر فلم کی شوٹنگ کے دوران غیر سبزی خور کھانے نہیں کھاتے، لیکن وائرل ویڈیو میں وہ سب کچھ کھاتے نظر آ رہے ہیں۔

دوسرے صارفین نے مزاحیہ انداز میں بولی وڈ کے پی آر سسٹم پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بولی وڈ اداکاروں کی پی آر ٹیموں کو فائر کر دینا چاہیے، خاص طور پر رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی ٹیم کو، جو ویڈیوز چیک کیے بغیر ایسی بے وقوفانہ باتیں پھیلا دیتی ہیں۔