امریکی شوبز ویب سائٹ ٹی ایم زیڈ کے مطابق دونوں کو ہفتے کے روز پیرس میں کیٹی پیری کی سالگرہ کے موقع پر ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوار موڈ میں دیکھا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دونوں کو پیرس کے معروف کریزی ہارس تھیٹر شو سے باہر نکلتے ہوئے دکھایا گیا، جہاں ان کے ہاتھ ایک دوسرے کے ہاتھ میں تھے۔ اس موقع پر کیٹی پیری سرخ لباس میں نہایت دلکش نظر آئیں، جب کہ جسٹن ٹروڈو نے سیاہ لباس زیب تن کر رکھا تھا۔
رپورٹ کے مطابق، کیٹی پیری کو ایک مداح نے گلاب پیش کر کے سالگرہ کی مبارکباد بھی دی۔
پیپل میگزین نے بتایا کہ دونوں کے درمیان تعلقات کی افواہیں جولائی میں اس وقت گردش کرنے لگیں جب انہیں مونٹریال کی گلیوں میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔
اُس وقت کیٹی پیری اپنے سابق منگیتر اورلینڈو بلوم سے علیحدہ ہو چکی تھیں، جب کہ جسٹن ٹروڈو بھی دو سال قبل اپنی اہلیہ سوفی گریگور سے طلاق لے چکے تھے۔
katy perry & justin trudeau took their romance public tonight in paris pic.twitter.com/SS1jP1bMx4
— 𝓕avs (@favspopculture) October 26, 2025
بعد ازاں ستمبر میں دونوں کو کیلیفورنیا کے ساحل کے قریب ایک یاٹ پر پارٹی کے دوران ایک ساتھ دیکھا گیا، جس سے ان کے رومانوی تعلقات کی افواہیں مزید مضبوط ہو گئیں۔
میگزین کے ذرائع کے مطابق، دونوں کے درمیان ایک خاص تعلق ہے اور وہ ایک دوسرے کے ساتھ خوش ہیں۔
کیٹی پیری اس وقت اپنے ’لائف ٹائمز ٹور‘ کے سلسلے میں پیرس میں موجود ہیں، جہاں وہ اپنے نئے البم ‘143’ کی تشہیر کر رہی ہیں۔
اس ٹور کے دوران انہوں نے امریکہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کے مختلف شہروں میں پرفارم کیا، جن میں مونٹریال میں ہونے والا ایک مکمل فروخت شدہ شو بھی شامل تھا، جس میں جسٹن ٹروڈو کی موجودگی نے بھی سب کی توجہ حاصل کی۔
ذرائع کے مطابق، دونوں شخصیات نے اپنے تعلقات کو ابھی رسمی طور پر ڈیٹنگ قرار نہیں دیا، تاہم ان کی قریبی موجودگی اور باہمی گرم جوشی نے مداحوں کو اس نئے رشتے کے بارے میں پرجوش کر دیا ہے۔







