نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اختیار ولی کا کہنا تھا کہ ناجائز مطالبات کے لیے پی ٹی آئی کو سڑکیں بند کرنے کا کوئی قانونی حق حاصل نہیں، لہٰذا تمام بند سڑکیں فوری طور پر کھول دی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کل تک راستے نہ کھولے گئے تو عوام کو خود سڑکیں کھولنے کی کال دی جائے گی۔ حکومت شہریوں کو مشکلات میں نہیں چھوڑ سکتی اور ہر صورت ٹریفک کی روانی بحال کی جائے گی۔
اختیار ولی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے حوالے سے کہا کہ حکومت تمام طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ اگر پی ٹی آئی بانی کو بیرون ملک بھیجنا چاہتی ہے تو باقاعدہ درخواست دی جائے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی نومبر 2024 سے این آر او لینے کی کوشش کر رہے ہیں اور پی ٹی آئی کی جانب سے ڈیل کی کوششیں کی گئیں، تاہم وفاقی حکومت نے اسے قبول نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کی بیٹوں قاسم اور سلیمان سے ٹیلی فون پر بات کروا دی گئی
اختیار ولی خان نے کہا کہ 25 نومبر 2024 کو بانی پی ٹی آئی ڈیل پر متفق ہو چکے تھے لیکن یہ عملی شکل اختیار نہ کر سکی۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے شیر افضل مروت بھی تصدیق کر چکے ہیں، جب کہ 2024 کی مبینہ ڈیل کے گواہ بیرسٹر سیف اور بیرسٹر گوہر علی خان ہیں، جن سے اس بارے میں پوچھا جا سکتا ہے۔







