سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا علاج ماہرینِ امراضِ چشم ایک خصوصی طبی ادارے میں کریں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ آنکھ کے مسئلے کے مکمل جائزے کے لیے مزید طبی معائنہ کیا جائے گا تاکہ علاج کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جا سکے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس معاملے پر قیاس آرائیوں اور بے بنیاد خبروں سے گریز کیا جائے۔ ذاتی یا سیاسی مفادات کے لیے اس معاملے کو رنگ دینے کی کوشش مناسب نہیں، کیونکہ یہ ایک طبی مسئلہ ہے جسے سنجیدگی سے دیکھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا بروقت اور مکمل علاج ان کا بنیادی حق ہے اور اس میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ انہیں آگاہ کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی اپنے بیٹوں سے بات کروا دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کی بیٹوں قاسم اور سلیمان سے ٹیلی فون پر بات کروا دی گئی
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو شیفا انٹٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے پر آمادگی ظاہر کی گئی ہے، جب کہ خاندان کے ایک فرد کو ملاقات کی اجازت دینے کی بات بھی کی گئی ہے۔
سیاسی حلقوں میں اس معاملے کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے اور آئندہ دنوں میں طبی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائے جانے کے بعد مزید صورت حال واضح ہونے کی توقع ہے۔







