سرکاری ذرائع کے مطابق ان نئے سہولت بازاروں کے قیام سے نہ صرف عوام کو مہنگائی سے ریلیف ملے گا بلکہ مقامی سطح پر کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ منصوبے کے تحت پنجاب کے مختلف اضلاع میں 13 "سہولت آن دی گو" بازار بھی قائم کیے جائیں گے، جہاں شہریوں کو جدید سہولیات کے ساتھ خریداری کا موقع ملے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان 27 نئے بازاروں میں تقریباً 1300 نئے کاروبار شروع ہوں گے، جس سے 600 سے زائد افراد کے لیے براہ راست روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ بالواسطہ طور پر اس سے کہیں زیادہ افراد مستفید ہوں گے، ان سہولت بازاروں سے سالانہ 9 کروڑ سے زائد شہری فائدہ اٹھا سکیں گے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سہولت بازاروں میں سبزیاں اور پھل اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں 40 فیصد جبکہ ڈپٹی کمشنر ریٹ سے 18 فیصد تک کم قیمت پر فراہم کیے جائیں، تاکہ عام آدمی کو حقیقی معاشی ریلیف مل سکے۔
ان بازاروں کے قیام سے تقریباً ساڑھے 8 لاکھ گھرانوں کو مجموعی طور پر 5 ارب 30 کروڑ روپے تک کی بچت ہوگی، جبکہ مقامی سپلائی چین مضبوط ہونے سے زرعی اور تجارتی شعبوں میں بھی بہتری آئے گی۔
سہولت بازاروں میں دکانداروں کے لیے بھی مراعات رکھی گئی ہیں، جن میں مفت بجلی، صفائی اور سکیورٹی کی سہولیات شامل ہیں، جس سے انہیں سالانہ تقریباً 53 کروڑ روپے کی بچت ہوگی۔ حکام کے مطابق ان اقدامات کے نتیجے میں دکانداروں کی فروخت میں 24 فیصد اور منافع میں 23 فیصد اضافے کی توقع ہے۔
ہر سہولت بازار میں جدید مرکزی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا، جہاں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کا مؤثر نظام موجود ہوگا۔ شہریوں کی سہولت کے لیے 5 کلومیٹر کے اندر 40 منٹ میں مفت ہوم ڈیلیوری سروس بھی فراہم کی جائے گی، جس سے وقت اور ایندھن دونوں کی بچت ممکن ہوگی۔
یہ منصوبہ پنجاب کے متعدد اضلاع تک پھیلایا جائے گا جن میں بھکر، میانوالی، پاکپتن، راجن پور، مظفر گڑھ، منڈی بہاؤالدین، راولپنڈی، اٹک، جہلم، خانیوال، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولپور، بہاولنگر، اوکاڑہ، سیالکوٹ، گجرات اور سرگودھا شامل ہیں۔ جبکہ لاہور، جہلم، بھکر، راولپنڈی، قصور اور فیصل آباد کی مختلف تحصیلوں میں "سہولت آن دی گو" بازار بھی قائم کیے جائیں گے۔
مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب عوام سے کیا گیا سستی اشیاء کی فراہمی کا وعدہ ہر صورت پورا کرے گی،ان بازاروں میں صاف ستھرے ماحول، معیاری اشیاء اور مناسب قیمتوں کو یقینی بنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: ملک میں توانائی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے قابلِ تجدید توانائی منصوبوں کو فروغ دیا جائے، شہباز شریف
انہوں نے مزید کہا کہ سہولت بازاروں میں پارکنگ، بیٹھنے کی جگہ، بزرگ شہریوں کے لیے علیحدہ کاؤنٹرز، صاف پانی، مسجد اور فیملی فرینڈلی ماحول فراہم کیا جائے گا تاکہ عوام کو خریداری کے دوران مکمل سہولت میسر ہو۔
واضح رہے کہ یہ منصوبہ نہ صرف مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کی جانب بھی ایک اہم قدم ہے۔







