پولیس کے مطابق یہ آپریشن ایس پی سٹی زون سلیمان ظفر کی نگرانی میں کیا گیا، جس میں خواتین پولیس اہلکاروں سمیت متعدد ٹیموں نے حصہ لیا۔ آپریشن سے قبل سینئر افسران نے اہلکاروں کو فرائض اور معیاری طریقۂ کار سے آگاہ کیا۔

سرچ آپریشن کے دوران پولیس ٹیموں نے 67 افراد اور 25 گھروں کی تلاشی لی، جب کہ 35 موٹر سائیکلوں اور 7 گاڑیوں کی بھی جانچ کی گئی۔ چیکنگ کے دوران 10 مشتبہ افراد کو تصدیق اور قانونی کارروائی کے لیے تھانے منتقل کیا گیا۔

مزید پڑھیں: یورپی یونین–پاکستان جوائنٹ کمیشن کا 15واں اجلاس، دونوں فریقین کا تجارت، انسانی حقوق اور علاقائی استحکام پر اتفاق

پولیس حکام کے مطابق بغیر رجسٹریشن نمبر کی 14 موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سرچ اور کومبنگ آپریشن کا مقصد جرائم کی روک تھام، سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانا اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنا ہے۔

یہ کارروائی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کی خصوصی ہدایات پر کی گئی ہے، جنہوں نے ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیے گرینڈ سرچ آپریشنز کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔

آئی سی ٹی پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چیکنگ کے دوران تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں۔