خواتین کی 5 مخصوص نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) کی سحرش قمر، مریم زمان اور مریم ادریس کامیاب قرار پائیں، جب کہ پیپلز پارٹی کی فرزانہ یعقوب اور زوبیہ خورشید نے کامیابی حاصل کی۔
زوبیہ خورشید اور مسلم لیگ (ن) کی امیدوار رفعت عابد نے برابر 5،5 ووٹ حاصل کیے، جس کے بعد قرعہ اندازی کی گئی اور زوبیہ خورشید کامیاب قرار پائیں۔
ٹیکنوکریٹ کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے افتخار گیلانی نے 26 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار صاحبزادہ ذوالفقار کو 12 ووٹ ملے۔
علما و مشائخ کی نشست بھی مسلم لیگ (ن) کے پیر مظہر سعید شاہ نے 26 ووٹ لے کر جیت لی، جبکہ پیپلز پارٹی کے حافظ طارق محمود کو 12 ووٹ ملے۔
اوورسیز کشمیریوں کے لیے مختص نشست پر مسلم لیگ (ن) کے عبدالرحمان آرائیں پہلے ہی بلا مقابلہ کامیاب ہوچکے تھے۔
مخصوص نشستوں کے نتائج کے بعد آزاد کشمیر اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی مجموعی نشستوں کی تعداد 31 ہوگئی، جب کہ عوامی دست و بازو کے ایک رکن کی حمایت کے بعد ن لیگ کو 32 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ پیپلز پارٹی 14 نشستوں کے ساتھ ایوان میں دوسری بڑی جماعت ہے۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کا اعلان کشمیر سے ہوگا اسلام آباد سے نہیں، بلاول بھٹو
دوسری جانب پونچھ اور سدھنوتی کے 7 حلقوں میں تاحال انتخابات نہیں ہوسکے، جس کے باعث اسمبلی کا انتخابی عمل مکمل طور پر مکمل نہیں ہوا۔
ایوان کی تشکیل کے بعد نومنتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے، جس کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔







