پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیوں کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے متعدد ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی، جو مقامی آبادی کے لیے خطرہ بن رہے تھے۔

مقامی آبادی کے تحفظ اور علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے 21 ستمبر 2026 سے شعبان میں کلیئرنس آپریشن شروع کر رکھا ہے۔

ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنا کر کلیئر کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد اب تک 13 دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں، جبکہ کلیئر کیے گئے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے سے دہشت گردی کے خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔

دوسری جانب 22 اور 23 ستمبر 2026 کو ضلع کیچ اور کوئٹہ ویسٹ میں بھی سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر الگ الگ کارروائیاں کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائیوں کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 39 سالہ نائب صوبیدار محمد جمیل نے جام شہادت نوش کیا۔ شہید نائب صوبیدار محمد جمیل کا تعلق ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ شریف سے تھا۔

دوسری جانب بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ مستونگ کے علاقے کنک وادی میں سیکیورٹی فورسز نے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے کنک وادی میں سیکیورٹی چوکی پر حملے کی کوشش کی، جس پر فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ابتدائی طور پر 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

ذرائع کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں کا سیکیورٹی فورسز نے تعاقب کیا اور مزید 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 موٹر سائیکلوں سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کا ایک جوان زخمی ہوگیا، جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔