لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی 90 فیصد معلومات غلط ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ آزادیِ اظہار کے نام پر ہر جھوٹی بات پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، سوشل میڈیا پر فیک نیوز شیئر کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن ہوگا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ملکی میڈیا ایک منظم نظام کے تحت کام کرتا ہے، اسی لیے غلط خبر نشر ہونے پر پیمرا کارروائی کرتا ہے۔ لیکن سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق کے خبریں پھیلانے والے کسی قانون کو خاطر میں نہیں لاتے، ایسے عناصر کے خلاف بھی ایکشن ضروری ہے۔
مزید پڑھیں: انسداد دہشتگردی عدالت نے شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی کے اکاؤنٹس ڈی فریز کر دیے
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ بعض لوگ بیرون ملک بیٹھ کر ریاستی اداروں کے بارے میں جھوٹ پھیلا رہے ہیں، اگر ان کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائیں، ورنہ قانون کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ بیرون ملک موجود ایسے افراد جلد پاکستان واپس لائے جائیں گے اور ان سے ان کی پھیلائی گئی غلط معلومات کا حساب لیا جائے گا۔







