اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت اور فوج نے ہمیشہ شفاف اور موثر طریقے سے آپریشن کیے ہیں، اور ضرورت پڑنے پر مستقبل میں بھی کھل کر معلومات فراہم کی جائیں گی، وادی تیراہ میں آپریشن کی مخالفت کرنے والے عناصر حقیقت کو مسخ کر رہے ہیں اور اپنی سیاسی مفادات کے لیے جھوٹا بیانیہ پھیلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر فلور آف دی ہاؤس میں بھی شفافیت سے بات کی گئی تھی اور یہ واضح کیا گیا تھا کہ آپریشن کا فیصلہ آیا کے پی حکومت کی کابینہ نے کیا یا نہیں، جبکہ آپریشن کے لیے مختص 4 ارب روپے عوام کے مفاد کے لیے استعمال کیے گئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کچھ لوگ اس فنڈ کے غلط استعمال کے الزامات کے ذریعے اپنی سیاسی تشہیر کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: وادی تیراہ سے لوگ نقل مکانی سخت سردی کے باعث کر رہے ہیں، اس کا مسلح افواج یا وفاقی حکومت سے کوئی تعلق نہیں، خواجہ آصف

انہوں نے کہا، "ہماری فوج اور حکومت نے ہر قدم شفافیت کے ساتھ اٹھایا ہے، اور ضرورت پڑنے پر آپریشن کی تفصیلات عوام کے سامنے رکھی جائیں گی۔ بار بار فوج پر جھوٹے الزامات لگانے سے کسی کی کرپشن یا ناکامی چھپ نہیں سکتی۔"

انہوں نے مزید کہا کہ وادی تیراہ کے عوام کی فلاح اور سیکورٹی ہمیشہ حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے اور عوام کو ہر صورت میں تحفظ فراہم کیا جائے گا، سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو کام حکومت اور فوج نے انجام دیا، اس کی مکمل ذمہ داری ان پر ہے اور اسے کسی اور پر منتقل نہیں کیا جا سکتا۔

ان  کے مطابق، سیاسی مخالفین اپنی ناپختہ حکمت عملی اور بیانیہ کے ذریعے عوامی رائے کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن حکومت شفافیت اور اصولوں کے ساتھ عوام کے سامنے اپنی کارکردگی پیش کرتی رہے گی۔