یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب محسن نقوی سے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال، علاقائی کشیدگی اور سفارتی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق امریکی وفد میں نائب صدر جے ڈی وینس کے علاوہ اہم شخصیات اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل ہوں گے، جو اسلام آباد میں متوقع مذاکرات میں شرکت کریں گے۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اپنے مہمانوں کی میزبانی کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور اس حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

ملاقات کے دوران نیٹلی بیکر نے حالیہ جنگ بندی کے اقدامات کا خیر مقدم کیا اور خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا،پاکستان کی سفارتی کوششیں خطے میں استحکام کے لیے نہایت اہم ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ اسلام آباد میں ہونے والے اہم مذاکرات کے پیش نظر سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے گئے ہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں اور وفود کی نقل و حرکت کے لیے جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد مذاکرات: امریکی اور ایرانی وفود آج پاکستان پہنچیں گے

سفارتی ماہرین کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والی یہ ملاقاتیں نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے اہمیت کی حامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کا بطور میزبان فعال کردار عالمی سطح پر اس کی سفارتی اہمیت کو مزید مستحکم کرے گا، جبکہ ان مذاکرات سے علاقائی امن کے امکانات بھی روشن ہو سکتے ہیں۔