وزیراعظم کی زیر صدارت ملک میں پیشہ ورانہ تربیت کے نئے متعارف کردہ ایکوسسٹم پر جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں نیووٹیک کے تحت جاری تربیتی پروگرامز کی پیش رفت اور نتائج کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی نوجوان افرادی قوت صلاحیتوں سے بھرپور ہے اور ان صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے نیووٹیک کے ذریعے ایک جامع پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے نیووٹیک کے تحت فنی و تکنیکی تربیتی پروگرامز کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، جو خوش آئند ہیں۔
انہوں نے پاکستانی افرادی قوت کو عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنانے کے لیے بین الاقوامی سرٹیفیکیشنز کی فراہمی کو سراہتے ہوئے وزارت خارجہ اور وزارت سمندر پار پاکستانیوں کو ہدایت کی کہ خلیجی ممالک میں پاکستانی ہنر مند افرادی قوت کی کھپت کے لیے اقدامات میں تیزی لائی جائے۔
شہباز شریف نے نیووٹیک کے تمام پارٹنر تربیتی اداروں میں زیرِ تربیت طلبہ اور اساتذہ کی بائیو میٹرک حاضری کو لازمی قرار دینے، نظام کی مکمل ڈیجیٹائزیشن اور آن لائن مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی دی۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے نیووٹیک کے پروگرامز کو وسعت دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو تربیت فراہم کی جا سکے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ بین الاقوامی سطح پر زیادہ طلب رکھنے والے ہنر کے شعبوں میں نوجوانوں کو بین الاقوامی سرٹیفیکیشن کے ساتھ تربیت فراہم کرنا نیووٹیک کی اولین ترجیح ہے، جب کہ جن اداروں کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہے ان کی رکنیت معطل کر کے کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پوری امت کا اجماع ہے کہ پاکستان کی ریاست کے خلاف کوئی جہاد نہیں ہو سکتا، عطاتارڑ
اجلاس میں نیووٹیک کے ساتھ کام کرنے والے نجی شعبے کے تھرڈ پارٹی ویلیڈیٹرز، صنعتی شراکت دار، پیشہ ورانہ ادارے، چیمبرز آف کامرس، کاروباری ایسوسی ایشنز کے نمائندے اور مصنوعی ذہانت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین نے شرکت کی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیووٹیک نے وزیراعظم کی جانب سے تفویض کردہ تمام تربیتی اہداف حاصل کر لیے ہیں۔ نیووٹیک کے تحت پاکستان کا پہلا اسکل بیسڈ بانڈ جاری کیا جا چکا ہے، جس کے ذریعے نتائج کی بنیاد پر نجی شعبے سے پیشہ ورانہ تربیت کے لیے فنڈنگ حاصل کی جا رہی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت نیووٹیک کے تحت انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، فِن ٹیک، کان کنی، سیاحت، اسپورٹس، ہاسپیٹیلٹی، شپ بلڈنگ سمیت عالمی منڈی کی طلب کے مطابق تربیتی پروگرامز ملک بھر میں جاری ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نیووٹیک کے تمام فنی و تکنیکی تربیتی پروگرامز کو صنعتوں کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا گیا ہے، جس کے لیے 148 صنعتوں کو شامل کیا گیا۔
اعداد و شمار پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ برس نیووٹیک کے ذریعے ایک لاکھ 46 ہزار افراد نے تربیت حاصل کی، جب کہ 15 ہزار سے زائد افراد کو بین الاقوامی سرٹیفیکیشنز فراہم کی گئیں۔ تکامل پروگرام کے تحت تین لاکھ سے زائد افراد نے تربیت حاصل کی، جب کہ دو لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد سعودی عرب میں اس نظام کے ذریعے روزگار سے منسلک ہوئے۔
اس کے علاوہ 350 سے زائد اداروں کو جانچ پڑتال کے بعد بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کرنے کا لائسنس جاری کیا گیا، جب کہ 2600 نئے اداروں کی رجسٹریشن بھی کی گئی۔
وزیراعظم نے نیووٹیک کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ مستقبل میں مزید بہتری کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت نئے اہداف مقرر کیے جائیں تاکہ پاکستانی افرادی قوت کو عالمی سطح پر مزید مؤثر انداز میں متعارف کرایا جا سکے۔







