تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، ارکان اسمبلی، اعلیٰ حکام اور معززین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جبکہ قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔ اس موقع پر معرکۂ حق کی کامیابی پر مبنی خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جسے شرکاء نے بھرپور توجہ سے دیکھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ معرکۂ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے، جس میں پوری قوم نے بے مثال اتحاد، عزم اور حوصلے کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل پاکستان نے دشمن کو بھرپور جواب دے کر اپنی دفاعی صلاحیت کا لوہا منوایا اور یہ واضح پیغام دیا کہ پاکستانی قوم اپنی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
لائیو: معرکہ حق میں کامیابی کے ایک برس کی تکمیل کے سلسلے میں کراچی میں ہونے والی تقریب https://t.co/figUgDjge5
— PPP (@MediaCellPPP) May 4, 2026
ان کا کہنا تھا کہ اس کامیابی میں نہ صرف مسلح افواج بلکہ ہر پاکستانی نے اپنا کردار ادا کیا، جبکہ سفارتی محاذ پر بھی پاکستان نے مؤثر انداز میں اپنا مؤقف دنیا کے سامنے پیش کیا،دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستان ایک مضبوط اور باوقار ریاست ہے جو مشکل حالات میں بھی متحد رہتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پوری قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور دشمن کی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا گیا،چند گھنٹوں میں صورتحال کا رخ بدل دیا گیا اور دشمن کو اپنی حقیقت کا اندازہ ہو گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے، تاہم جب بھی ملک کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوا، قوم اور افواج نے متحد ہو کر اس کا مقابلہ کیا۔ ان کے مطابق معرکۂ حق میں پاکستان کی دفاعی تیاری اور حکمت عملی دشمن پر واضح برتری رکھتی تھی۔
مزید پڑھیں: خطے کے مسائل کا حل بات چیت میں ہے، پاکستان اور ایران کا اتفاق
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ دن پوری قوم کے لیے خوشی اور فخر کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کو مؤثر جواب دے کر دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان ایک مضبوط اور خودمختار ریاست ہے جس کی دفاعی صلاحیت ناقابلِ تسخیر ہے۔
شرجیل انعام نے مزید کہا کہ قومی قیادت نے بھی عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا، جس سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر ہوا۔ ان کے مطابق معرکۂ حق کے بعد پاکستان نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر ایک مضبوط اور بااعتماد ملک کے طور پر ابھرا ہے۔
تقریب کے اختتام پر مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے پوری قوم متحد رہے گی اور ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔







