تفصیلات کے مطابق افتتاحی تقریب پنجاب اسٹیڈیم، نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی، جہاں وزیراعلیٰ کی آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزرا، ارکانِ اسمبلی، ویٹرن کھلاڑیوں اور طالبات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسٹیڈیم کے مختلف پویلینز کا دورہ کیا اور خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ ہر ڈویژن کی ایتھلیٹ نے پنک گیمز کی مشعل تھام کر اسٹیڈیم کا چکر مکمل کیا، جس کے بعد مشعل روشن کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی کو یہ حق نہ دیں کہ وہ آپ سے کہے کہ آپ یہ نہیں کر سکتیں۔ آپ کی کامیابی کا فیصلہ آپ کی محنت کرتی ہے۔ میرٹ اور ٹیلنٹ کا کوئی صنفی فرق نہیں ہوتا۔ آپ مردوں سے بہتر کارکردگی دکھا سکتی ہیں اور اس کی مثالیں آپ کے سامنے موجود ہیں۔ آپ اپنے گھر کا مستقبل، اپنی فیملی کا سہارا، اپنے معاشرے کی طاقت اور اپنے صوبے و ملک کی امید ہیں۔ یہ میدان آپ کا ہے، آگے بڑھیں، محنت کریں اور جیت کر واپس آئیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج یہ محض پنک گیمز 2026 نہیں بلکہ ایک پنک انقلاب محسوس ہو رہا ہے۔ پنجاب میں آپ جیسی چیمپئنز اور باصلاحیت ایتھلیٹس کی بڑی تعداد موجود ہے، ٹیلنٹ اس قدر ہے کہ میدان بھی کم پڑ گیا۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے دیکھا کہ بسنت کو پنجاب کے عوام نے کس طرح منایا۔ کیا ہر سال بسنت ہونی چاہیے؟ جو لوگ کہتے تھے کہ یہ قوم قانون پر عمل نہیں کرتی اور قواعد و ضوابط کی پابندی نہیں کر سکتی، پنجاب کے عوام نے چند دنوں میں ثابت کر دیا کہ وہ قانون کی پاسداری کر سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں کوئٹہ گئی تو وہاں ایف سی میں پنجاب کی بیٹیوں کو وردی میں اپنے فرائض انجام دیتے دیکھا۔ وہ میدان میں دشمن کے سامنے ڈٹی ہوئی تھیں۔ اس دن مجھے احساس ہوا کہ پنجاب کی بیٹی کتنی بہادر اور پاکستان کی بیٹی کتنی مضبوط ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ واش روم میں گر کر زخمی، اسپتال منتقل

انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو موبائل فون، گیجٹس اور اسکرین سے ہٹا کر آپ نے انہیں میدان میں آنے کا موقع دیا، جہاں وہ اپنی صلاحیتیں اور ٹیلنٹ کھل کر دکھا رہے ہیں۔ یہ تین ہزار سے زائد ایتھلیٹس دراصل تین ہزار سے زائد چیمپئنز ہیں، جو پنجاب کے ہر ڈویژن، ہر تحصیل اور ہر ضلع سے یہاں آئی ہیں۔

انہوں نے وزیر کھیل فیصل کھوکھر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کھلاڑیوں کی حفاظت، آرام، دیکھ بھال اور خوراک کی مکمل ذمہ داری آپ پر ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر کھیل فیصل کھوکھر نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر کھیلوں کو تحصیل کی سطح تک فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کھلاڑیوں کو ماہانہ وظیفہ بھی دیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب نے نیشنل گیمز میں 126 اور قائداعظم گیمز میں 173 میڈلز حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

فیصل کھوکھر نے مزید کہا کہ پنجاب میں اسپورٹس کے 184 منصوبے ایک سال کے اندر مکمل کیے جائیں گے، جب کہ ہر ضلع میں ہاکی کے فروغ کے لیے سنتھیٹک آسٹرو ٹرف اسٹیڈیم قائم کیے جائیں گے۔