تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ شیخ محمد بن زاید النہیان وہ رہنما ہیں جنہوں نے وژن کو حقیقت میں اور حقیقت کو کامیابی میں بدل کر عالمی قیادت کا نیا معیار قائم کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ثابت کیا ہے کہ مستقبل انتظار نہیں کرتا، بلکہ اسے تخلیق کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا  کہ متحدہ عرب امارات کی خوشی آج ہماری بھی خوشی ہے، کیونکہ بھائی کی مسرت دل کی مسرت ہے۔ انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو ایک ایسی اخوت قرار دیا جو سرحدوں سے ماورا ہے اور مشکل وقت میں متحدہ عرب امارات ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا۔

مزید پڑھیں: مریم نواز کی ترک پارلیمانی وفد سے ملاقات:  ترکیہ کے عوام قائداعظم محمد علی جناح اور محمد نواز شریف کے مدا ح ہیں 

انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں کو محض روزگار نہیں دیا بلکہ اپنائیت اور عزت کا احساس بھی فراہم کیا، اور لاکھوں پاکستانی وہاں اپنی محنت اور صلاحیت سے برادر ملک کی ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات تعاون، ترقی اور بھائی چارے کے نئے ابواب رقم کریں گے۔