اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات کی۔ مریم نواز نے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیر ی کا خیر مقدم کیا۔

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، تجارت، توانائی اور علاقائی صورتحال پر بات چیت کی گئی، دونوں رہنماؤں نے پاکستان-ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

مریم نواز نے ایرانی سرمایہ کاروں کی زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے اقتصادی اور سماجی تعلقات کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ساتھ دینے پر وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے دوران سابق وزیرِاعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا دروازہ فراخ دلی سے کھلا رکھا جائے تو بڑے بڑے مسائل حل ہوسکتے ہیں، ایران نے جواں مردی کے ساتھ حالات کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے لیے بہت سی دعائیں اور نیک خواہشات ہیں، ایرانی عوام ہمیشہ دعاؤں کا حصہ رہے ہیں۔

دوسری جانب ایرانی سفیر نے اپنے شاندار استقبال پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران دو جسم ایک  روح کی مانند ہیں، نواز شریف جیسے عظیم لیڈرکی عالم اسلام کو بہت ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مشال یوسفزئی کے خلاف آٹھ فروری کے بعد سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، سلمان اکرم راجا

ان کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کی سربراہی اور پاک ایران تعلقات کے فروغ میں نواز شریف جیسے لیڈرکی بہت ضرورت ہے، ایرانی قوم نواز شریف کی صحت اور حفاظت کے لیے ہمیشہ دعا گورہتی ہے۔

ڈاکٹر رضا امیری نے کہا کہ نواز شریف خطے کی صورتحال سے مکمل آگا ہ ہوں گے لیکن پاکستان کا بڑاسمجھتے ہوئے مل کر باتیں کرنے میں دلی سکون محسوس کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بڑا ہونے کے ناطے ایرانی عوام اور حکومت کی طرف سے معاملات محمد نواز شریف کے علم میں لانا ضروری سمجھتا ہوں، نواز شریف کو پاکستان کی حفاظت کرنے والا ستون سمجھتے ہیں۔