باکو پہنچنے پر وزیراعلیٰ پنجاب کا استقبال اعلیٰ حکومتی شخصیات اور سفارتی حکام نے کیا جبکہ اس موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے مریم نواز شریف کے ساتھ خصوصی ملاقات اور گروپ فوٹو بھی بنوایا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب ورلڈ اربن فورم کے مختلف اہم سیشنز میں شرکت کریں گی جہاں دنیا بھر سے آئے ہوئے سربراہانِ مملکت، پالیسی ساز، ماہرین اور عالمی اداروں کے نمائندے شہری ترقی، ہاؤسنگ، ماحولیات اور جدید شہری نظام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
مریم نواز شریف باکو اولمپک اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی ورلڈ لیڈرز سمٹ سے کلیدی خطاب بھی کریں گی۔ اپنے خطاب میں وہ پنجاب حکومت کی شہری ترقی، عوامی فلاح اور کم لاگت ہاؤسنگ منصوبوں سے متعلق وژن پیش کریں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عالمی فورم میں حکومت پنجاب کے فلیگ شپ ہاؤسنگ پروگرام “اپنی چھت، اپنا گھر” کو خصوصی طور پر اجاگر کریں گی۔ اس منصوبے کو پاکستان پویلین میں بین الاقوامی مندوبین کے سامنے ایک کامیاب اور کم لاگت ہاؤسنگ ماڈل کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
حکومتی حکام کے مطابق “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کا مقصد کم آمدن والے اور بے گھر افراد کو آسان شرائط پر رہائش کی سہولت فراہم کرنا ہے، جبکہ اس منصوبے کو عالمی سطح پر شہری ترقی کے ایک مؤثر ماڈل کے طور پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد میں امریکا ایران مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے کوششیں جاری ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
ورلڈ اربن فورم میں شرکت کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف مختلف ممالک کے نمائندوں اور عالمی اداروں کے عہدیداروں سے ملاقاتیں بھی کریں گی، جن میں شہری انفراسٹرکچر، سرمایہ کاری، ماحول دوست ترقی اور جدید ہاؤسنگ منصوبوں پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
سیاسی و سفارتی حلقوں کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی عالمی فورم میں شرکت پاکستان خصوصاً پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی اہم کوشش قرار دی جا رہی ہے۔







