اس انٹر سٹی فری ٹرانسپورٹ سروس کا افتتاح کمشنر میرپور راجہ طاہر ممتاز خان نے ایک پروقار تقریب کے دوران کیا۔ افتتاحی تقریب میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، ٹرانسپورٹ یونین کے نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں میرپور شہر سے ملحقہ اہم علاقوں تک مفت سفری سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جن میں نیو سٹی، خالق آباد، جاتلاں اور بن خرماں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ میرپور سے چیچیاں، افضل پور، چتر پڑی اور منگلا کے روٹس پر بھی شہری بغیر کسی کرایے کے سفر کر سکیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عوام، بالخصوص کم آمدنی والے طبقے کو سفری سہولیات فراہم کرنا اور ان کے مالی بوجھ میں کمی لانا ہے،روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں شہری اس سروس سے مستفید ہوں گے، جس سے نہ صرف سفری اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ شہریوں کو بروقت اور محفوظ سفر کی سہولت بھی میسر ہوگی۔
اس موقع پر ٹرانسپورٹ یونین اور ٹرانسپورٹ فیڈریشن کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی، جبکہ انتظامیہ نے اس بات پر زور دیا کہ سروس کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: لوگوں کو کم لاگت پر اپنی چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیرِ اعظم
شہریوں اور سماجی حلقوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مفت ٹرانسپورٹ سروس کے آغاز سے طلبہ، ملازمت پیشہ افراد اور دیہاڑی دار طبقے کو نمایاں ریلیف ملے گا، موجودہ مہنگائی کے دور میں اس قسم کے اقدامات عوام کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔
حکام نے عندیہ دیا کہ عوامی ردعمل اور ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں اس منصوبے کو مزید توسیع دی جا سکتی ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ علاقوں کے مکین اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سروس کی بہتری اور تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ مانیٹرنگ کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔







