ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے حکومتی اقدامات اور اس حوالے سے جاری قومی مہمات پر روشنی ڈالی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے رواں ماہ کے اوائل میں گیٹس فاؤنڈیشن کی ٹیم کے دورۂ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا، پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے علاوہ ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکہ جات، ڈیجیٹلائزیشن اور مالیاتی شمولیت کے شعبوں میں گیٹس فاؤنڈیشن کا تعاون اہمیت رکھتا ہے۔
شہباز شریف نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے اپنے ذاتی عزم کا بھی اعادہ کیا اور اس مقصد کے لیے بل گیٹس اور گیٹس فاؤنڈیشن کی طویل عرصے سے جاری معاونت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر بل گیٹس نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئندہ نسلوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو کا مکمل خاتمہ انتہائی اہم ہے، ملک بھر میں انسداد پولیو ویکسینیشن پروگرام کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی صوبائی حکومتوں کو فراہم کردہ رہنمائی کی بھی تعریف کی۔
ملاقات میں پاکستان کے سماجی و اقتصادی شعبے میں گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں جانب سے صحت عامہ کے ساتھ ساتھ زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں شراکت داری کے نئے امکانات تلاش کرنے پر گفتگو ہوئی
وزیراعظم شہباز شریف نے بل گیٹس کو پاکستان میں زرعی شعبے میں کی جانے والی اصلاحات سے بھی آگاہ کیا، حکومت زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، تحقیق، بایوٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی سے مطابقت رکھنے والے طریقۂ کار اور کسانوں کی استعداد کار بڑھانے پر توجہ دے رہی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور تحقیق کو فروغ دینے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں بہتر اور معیاری بیجوں کی تیاری، مویشیوں کی جینیاتی بہتری اور نئی زرعی ٹیکنالوجیز کے استعمال کے حوالے سے تعاون کے امکانات بھی زیر بحث آئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں زرعی شعبہ معیشت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور جدید تحقیق و ٹیکنالوجی کے ذریعے اس شعبے کی پیداواری صلاحیت میں مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ اس حوالے سے عالمی شراکت داروں کے تجربات اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
ملاقات میں ڈیجیٹلائزیشن اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں جانب سے ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی اہمیت پر گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی پائیدار ترقی اور انسانی وسائل کی بہتری کے لیے بین الاقوامی شراکت داری کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحت، زراعت اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں جدید حل اختیار کرکے عوامی سہولیات میں مزید بہتری لائی جاسکتی ہے۔
ملاقات کے اختتام پر پاکستان اور گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان مختلف سماجی و اقتصادی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بل گیٹس کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی، جسے پاکستان میں جاری مختلف ترقیاتی اور سماجی منصوبوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔







