راولپنڈی میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اپنے وطن سے بے پناہ محبت رکھتی ہے اور ہر شہری اپنے ملک کے چپے چپے کی حفاظت کرنا جانتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان سرحدوں کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور دشمن آج پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا۔

مزید پڑھیں: آئی ایم ایف کی قسط کی منظوری خوش آئند، پاکستان نے سیلاب جیسے بحران میں بھی معاشی استحکام برقرار رکھا: وفاقی وزیرِ خزانہ

وفاقی وزیر نے بعض سیاسی گروہوں پر ملک میں عدم استحکام پھیلانے کی کوشش کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ نفرت، انتشار اور سازش کی سیاست نے پہلے ہی ملک کو نقصان پہنچایا ہے اور اب قوم کو مل کر اس سوچ کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت نے ریاستی اداروں پر حملہ کیا اور بیرونی طاقتوں کے ساتھ گٹھ جوڑ کر ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی، مگر قوم اور اداروں نے یکجہتی کے ساتھ ان سازشوں کو ناکام بنا دیا۔

حنیف عباسی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کامیاب نہیں ہوں گے اور ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے پوری قوم متحد ہے۔