تفصیلات کے مطابق نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے منیجنگ ڈائریکٹر اظہر عباس نے کہا ہے کہ ہم اپنے ناظرین کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان کے سیٹلائٹ پاک سیٹ پر نشر ہونے والے ہمارے نجی چینل کی نشریات کو گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے کسی نامعلوم جانب سے ہیک کرنے اور رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب کچھ دیر سے نجی چینل کی نشریات کو مسلسل خلل کا سامنا ہے اور چینل کی اسکرین ہیک کرکے نامناسب پیغام نشر کیا گیا ہے۔ اس صورتحال کا جیو نیوز کی ادارتی ٹیم یا انتظامیہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اظہر عباس نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

مزید پڑھیں: کراچی: امریکی قونصلیٹ پر مظاہرین کا شدید احتجاج، جھڑپوں کے دوران 8 افراد جاں بحق

دوسری جانب اطلاعات کے مطابق ایک اور نجی نشریاتی ادارے اے آر وائی نیوز کی نشریات کو بھی ہیک کرکے وہی نامناسب پیغام نشر کیا گیا ہے۔

میڈیا اداروں نے حکام سے سائبر سیکیورٹی یقینی بنانے اور نشریاتی نظام کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔