ملاقات کے دوران ہیمش فالکنر نے امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مفاہمت میں پاکستان کے مثبت اور مکمل کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں امن کے قیام کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔
برطانوی نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمت نے پاکستان کو عالمی امن کے علمبردار کے طور پر پیش کیا ہے، جس سے خطے میں استحکام اور سفارتی پیش رفت کی نئی راہیں کھلی ہیں۔
ملاقات میں انسداد دہشت گردی، غیر قانونی ہجرت، پولیس تربیت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ اپ اسکل پراجیکٹ کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور اس منصوبے کے ذریعے پاکستانی اداروں کی استعداد کار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ غیر قانونی ہجرت اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں، جب کہ جعلی اسٹوڈنٹ ویزوں کے مسئلے کے حل کے لیے دونوں ممالک نے مشترکہ طور پر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
محسن نقوی نے افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متعدد دہشت گرد تنظیمیں افغان سرزمین سے سرگرم ہیں اور افغان حکومت کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنا ہوگا۔
مزید پڑھیں: پاکستان 30 ایرانی شہریوں کی وطن واپسی میں سہولت فراہم کرے گا، اسحاق ڈار
انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ سے خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔
خیال رہے کہ ملاقات میں وفاقی وزراء سالک حسین، علی پرویز ملک، طلال چودھری اور عون چودھری بھی موجود تھے۔






