ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان تعلقات میں تیزی سے آنے والی بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی تجارت کے حجم میں اضافے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافہ ضروری ہے اور قطر کو پاکستان کی برآمدات خصوصاً زرعی مصنوعات، خوراک اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں مزید تنوع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ دونوں فریقین نے پاکستان-قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
انہوں نے سرمایہ کاری دوست اصلاحات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے کردار پر بھی روشنی ڈالی، جس سے سرمایہ کاروں کو آسانیاں فراہم کی جائیں گی۔
ملاقات کے دوران ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے اقتصادی تعاون کو وسیع کرنے اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے میں قطر کی دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے رمضان المبارک کے دوران متعلقہ حکام پر مشتمل ٹاسک فورس کا اجلاس بلانے پر بھی اتفاق کیا، جس میں پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے لیے عملی تجاویز پر غور کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے
اجلاس میں پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور وزیراعظم کے معاون خصوصی بھی موجود تھے۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور تجارتی حجم بڑھانے کی سمت ایک اہم قدم کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔







