نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم نے چار مرتبہ بات چیت کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی، لیکن تحریک انصاف کا ایجنڈا صرف بغاوت اور سیاسی مخالفین کو ختم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک مخصوص گروہ ملک میں افراتفری، انارکی اور فتنہ پھیلانے پر تلا ہوا ہے، اگر قانون کو ہاتھ میں لیا گیا تو ریاست قانون کے مطابق کارروائی کرے گی،اگر پی ٹی آئی نے جدوجہد کا طریقہ بدلا تو حکومت کی حکمت عملی بھی اسی کے مطابق ہوگی۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے کی نجکاری کا اہم مرحلہ، 75 فیصد حصص کی بولی آج ہوگی
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی شفیع جان نے بتایا کہ 8 فروری کو پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ اسٹریٹ موومنٹ کی بھرپور تیاری کی جا رہی ہے۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ احتجاجی تحریک کی ذمہ داری محمود خان اچکزئی کے پاس ہے اور جب بھی کال دی گئی تو بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکلیں گے، اس بار احتجاج نئی حکمت عملی اور مکمل تیاری کے ساتھ کیا جائے گا۔







