گفتگو کے دوران دونوں وزرائے اعظم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسلسل سفارتی رابطے اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
قطری وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ادا کیے جانے والے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں قابلِ تحسین ہیں اور ان کا خطے میں مثبت اثر دیکھا جا رہا ہے اور اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قطر مشرق وسطیٰ میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور پاکستان سمیت دیگر ممالک کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ خطے کے تمام ممالک باہمی اختلافات کے بجائے مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے مسائل کے حل کی طرف بڑھیں گے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام امیرِ قطر کے جلد دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
مزید پڑھیں: خطے میں امن کے لیے پاکستان کا کردار تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا: وزیراعظم شہباز شریف
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی حالات میں سفارتی رابطوں کو مزید بڑھانے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان یہ رابطہ نہ صرف دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کی علامت ہے بلکہ خطے میں امن کے لیے مشترکہ کوششوں کو بھی تقویت دیتا ہے۔







