رپورٹ کے مطابق اس نئے فیچر کو گیسٹ چیٹس کا نام دیا گیا ہے۔ اس فیچر کے تحت واٹس ایپ صارف ایک مخصوص انوائٹ لنک تیار کرے گا، جسے کسی بھی ایسے شخص کو بھیجا جا سکے گا جس کے پاس واٹس ایپ اکاؤنٹ یا ایپلی کیشن موجود نہیں ہے۔
طریقہ کار کیا ہوگا؟
موصول ہونے والے لنک پر کلک کرتے ہی وہ شخص اپنے موبائل یا کمپیوٹر کے ویب براؤزر پر ایک عارضی چیٹ ونڈو میں داخل ہو جائے گا۔ یہاں اسے اپنا نام درج کرنا ہوگا، جس کے بعد وہ بطور مہمان واٹس ایپ صارف کے ساتھ براہِ راست پیغامات کا تبادلہ کر سکے گا۔
واٹس ایپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دیگر چیٹس کی طرح یہ گیسٹ چیٹس بھی مکمل طور پر محفوظ اور اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوں گی۔ تاہم، سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر یہ چیٹس مستقل نہیں ہوں گی۔ اگر مہمان صارف 10 روز تک اس چیٹ کو استعمال نہیں کرے گا، تو وہ گفتگو خود بخود ختم کر دی جائے گی۔
واضح رہے کہ گیسٹ چیٹس عارضی نوعیت کی ہوں گی اور صرف بنیادی ٹیکسٹ پیغام رسانی تک محدود رہیں گی۔ میڈیا شیئرنگ، گروپ چیٹس، وائس نوٹس اور کالز جیسی سہولیات اس میں دستیاب نہیں ہوں گی۔
مزید برآں، غیر فعالیت کی ایک مخصوص مدت کے بعد مہمان سیشن خود بخود ختم ہو جائے گا، اور دوبارہ گفتگو شروع کرنے کے لیے نئی لنک درکار ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں فائیو جی اسپیکٹرم کی آکشن کا پہلا اسٹیج مکمل ہونے پر نتائج کا اعلان
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فیچر ان لوگوں کے لیے انتہائی کارآمد ثابت ہوگا جو اپنی نجی وجوہات یا فون کی کم میموری کی وجہ سے ایپ انسٹال نہیں کرنا چاہتے، مگر انہیں کسی ضروری کام کے لیے واٹس ایپ صارف سے رابطہ کرنا پڑتا ہے۔
یاد رہے کہ فی الوقت یہ فیچر بیٹا ورژن (آزمائشی مرحلے) میں ہے اور جلد ہی دنیا بھر کے تمام صارفین کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔






