کمپنیوں کے مطابق زیورخ میں روبوٹیکسی سروس رواں سال کے آخر تک اوبر ایپ کے ذریعے دستیاب ہوگی۔ ابتدائی مرحلے میں سروس کو بتدریج وسعت دی جائے گی اور متعلقہ حکام کی منظوری کے ساتھ مکمل طور پر ڈرائیور کے بغیر چلنے والی ٹیکسیوں کی جانب پیش رفت کی جائے گی۔

اوبر اور وی رائیڈ اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے شہروں ابوظہبی اور دبئی، سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اور حال ہی میں اسپین کے شہر میڈرڈ میں بھی روبوٹیکسی منصوبوں کا اعلان کر چکی ہیں۔

وی رائیڈ کی چیف فنانشل آفیسر جینیفر لی کا کہنا ہے کہ یورپ کمپنی کے لیے ایک ترجیحی خطہ ہے اور سوئٹزرلینڈ میں داخلہ اس کی عالمی توسیعی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔

مزید پڑھیں: کیا گوگل کروم میں اے آئی موڈ کو ڈیفالٹ بنانے جارہا ہے؟

چائنا ڈیلی کے مطابق سوئٹزرلینڈ خودکار ڈرائیونگ کے لیے جدید ضابطہ جاتی نظام اور مضبوط رائیڈ ہیلنگ مارکیٹ کی بدولت روبوٹیکسی سروسز کے لیے ایک موزوں ملک سمجھا جاتا ہے۔

اوبر کے عالمی سربراہ برائے خودکار نقل و حمل و ڈیلیوری سرفراز ماریڈیا نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ میں جدید قوانین اور معیاری سفری سہولتوں کی طلب روبوٹیکسی سروس کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتی ہے۔

اوبر اور وی رائیڈ نے ہدف مقرر کیا ہے کہ 2030 تک دنیا کے 15 شہروں میں دسیوں ہزار روبوٹیکسیاں چلائی جائیں گی۔