ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز کو جولائی 2026 کے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے نامزد کرلیا گیا۔ان کے ساتھ انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان ہیری بروک اور بنگلا دیش کے اوپنر تنزید حسن کو بھی ایوارڈ کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا۔
جسٹن گریوز نے جولائی میں سری لنکا اور پاکستان کے خلاف شاندار کارکردگی دکھائی۔ سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں انہوں نے پہلے ٹیسٹ میں 180 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ویسٹ انڈیز کو سیریز میں ایک صفر سے کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان کے خلاف سیریز میں بھی گریوز نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انہوں نے صرف 27 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
جولائی میں دو ٹیسٹ میچز کے دوران گریوز نے 215 رنز، 71.66 کی اوسط سے بنائے جبکہ 8 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
ہیری بروک نے بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ میچز میں 229 رنز بنائے، ان کی اوسط 114.50 اور اسٹرائیک ریٹ 214.01 رہا جس پر انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دوسری جانب بنگلا دیش کے تنزید حسن نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں تین میچز میں 159 رنز بنائے جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 140 رنز اسکور کیے۔ یوں وہ دونوں فارمیٹس کی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے۔







