امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق ایران نے کویت اور بحرین کی جانب سات بیلسٹک میزائل داغے۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ان میں سے چھ میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے گئے، جب کہ ساتواں میزائل اپنے ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہا۔
سینٹ کام کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حملوں کے نتیجے میں کسی بھی امریکی اہلکار کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ امریکی حکام نے ایران کے اس دعوے کو بھی مسترد کر دیا ہے کہ بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ کے ہیڈکوارٹر کو نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب ایران کے اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) نے حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ کویت اور بحرین میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو امریکی فضائی حملوں کے جواب میں نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی حکام کے مطابق امریکا نے رات کے وقت ایرانی ریڈار تنصیبات پر حملے کیے تھے، جس کے بعد جوابی کارروائی کی گئی۔
ادھر کویتی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ملک پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے، جن کے خلاف فضائی دفاعی نظام متحرک کر دیا گیا ہے۔
کویتی فوج کے مطابق شہریوں کی جانب سے سنی جانے والی دھماکوں کی آوازیں دراصل فضائی دفاعی نظام کی جانب سے میزائلوں اور ڈرونز کو تباہ کرنے کی کارروائی کا نتیجہ ہیں۔
مزید پڑھیں: اسرائیل نے ایران پر حملوں کے لیے آذربائیجان کی سرزمین استعمال کی، امریکی میڈیا
کویت کی مسلح افواج نے مزید کہا کہ ملک کی فضائی حدود اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دریں اثنا بحرین کی وزارت داخلہ کے مطابق ملک بھر میں فضائی حملے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں، جب کہ سیکیورٹی ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔






