وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ ایران کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز میں خطے میں کشیدگی کم کرنے کے اقدامات شامل ہیں، جن میں سب سے اہم آبنائے ہرمز کو دوبارہ بحال کرنا ہے، جو عالمی تجارت کے لیے نہایت اہم گزرگاہ سمجھی جاتی ہے۔

ترجمان کے مطابق امریکی صدر کی پالیسی واضح ہے اور وہ کسی ایسے معاہدے پر آمادہ نہیں ہوں گے جس کے نتیجے میں ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت ملے۔ انہوں نے زور دیا کہ امریکا کی "ریڈ لائنز" طے شدہ ہیں اور ان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

پریس بریفنگ میں ایک اور اہم انکشاف کرتے ہوئے کیرولین لیوٹ نے بتایا کہ حالیہ پریس ڈنر کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کو نشانہ بنانے کی ایک اور کوشش کی گئی، جسے انہوں نے تیسری بڑی کوشش قرار دیا۔ تاہم تقریب کے دوران سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کے باعث کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اضافی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے خطرات سے نمٹا جا سکے۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی ایران سے جاری مذاکرات اور کشیدگی پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر ایرانی مذاکرات کار سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں اور وہ بحران سے نکلنے کے خواہاں ہیں۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ مذاکراتی عمل میں پیش رفت کی خواہش موجود ہے، تاہم ایران کی اعلیٰ قیادت اندرونی اختلافات اور کمزوریوں کا شکار ہے، جو کسی بھی حتمی معاہدے میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔

مزید پڑھیں: ایرانی وزیرِ خارجہ کا دورہ روس؛  ایران امریکا کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گا 

مارکو روبیو کے مطابق ایران وقت حاصل کرنے کی حکمت عملی اختیار کیے ہوئے ہے جبکہ ملک کو شدید معاشی دباؤ کا بھی سامنا ہے، جو اس کے فیصلوں پر اثرانداز ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان تعلقات بدستور کشیدہ ہیں، تاہم حالیہ دنوں میں جنگ بندی میں توسیع کی گئی ہے، جس میں پاکستان کی سفارتی کوششوں نے اہم کردار ادا کیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے متحرک سفارتکاری جاری رکھے ہوئے ہے، جسے عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔

واضح رہے  کہ اگر ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو نہ صرف خطے میں استحکام آئے گا بلکہ عالمی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے، خصوصاً تیل کی ترسیل کے حوالے سے آبنائے ہرمز کی بحالی ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔