غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کا اجلاس خاصی کشیدہ فضا میں منعقد ہوا، جس دوران ارکانِ پارلیمنٹ نے پاسدارانِ انقلاب سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر سبز رنگ کی وردیاں پہن رکھی تھیں۔ اجلاس کے دوران ارکان کی جانب سے امریکا مردہ باد، اسرائیل مردہ باد اور یورپ شرم کرو کے نعرے بھی لگائے گئے۔

ایران کے سرکاری ٹیلی وژن پر نشر ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اجلاس میں یورپی یونین کے فیصلے کے خلاف شدید ردِعمل کا اظہار کیا گیا۔

پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے یورپی یونین کے اقدام کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے جواب میں قانون کے آرٹیکل 7 کے تحت یورپی ممالک کی افواج کو دہشت گرد گروہ تصور کیا جائے گا۔

محمد باقر قالیباف نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی یورپی ممالک کے فوجی اتاشیوں کو ملک بدر کرنے کے معاملے پر بھی غور کرے گی اور اس حوالے سے وزارتِ خارجہ سے مشاورت کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: انڈیا اب ایران کے بجائے امریکا سے وینزویلا کا تیل خریدے گا، ڈونلڈ ٹرمپ

خبر رساں ایجنسی کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس فیصلے کے فوری اثرات کیا ہوں گے۔ واضح رہے کہ متعلقہ قانون پہلی بار 2019 میں اس وقت منظور کیا گیا تھا، جب امریکا نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔

یہ اجلاس ایران میں اسلامی انقلاب کے بانی آیت اللہ روح اللہ خمینی کی جلاوطنی سے وطن واپسی کی 47ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہوا، جس کے باعث اجلاس کی علامتی اور سیاسی اہمیت مزید بڑھ گئی۔