سرکاری میڈیا پر جاری بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ سپریم لیڈر کو دنیا کے بدترین عناصر کے ہاتھوں شہید کیا گیا اور اسلامی جمہوریہ ایران اس تاریخی جرم کے ذمہ داران اور کمانڈرز کے خلاف کارروائی کو اپنی ذمہ داری اور قانونی حق سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خامنہ ای کی شہادت دنیا بھر کے مسلمانوں کے خلاف کھلی جنگ کا اعلان ہے۔
دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای ثابت قدمی، حکمت اور استقامت کی علامت تھے۔
مزید پڑھیں: امریکی و اسرائیلی حملوں میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای شہید ہوگئے، ایرانی سرکاری میڈیا
انہوں نے کہا کہ وہ عزت اور بصیرت کا ایک دائمی ورثہ چھوڑ گئے ہیں اور ان کے بلند کردہ پرچم کو مزید بلندیوں تک پہنچایا جائے گا۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ممتاز شیعہ عالم دین ناصر مکارم شیرازی نے مسلمانوں سے امریکا اور اسرائیل کے خلاف جہاد کی اپیل کی اور کہا کہ خامنہ ای کا بدلہ لینا دنیا بھر کے مسلمانوں کی مذہبی ذمہ داری ہے۔
اسی طرح ایک اور سینئر عالم دین حسین نوری حمدانی نے بھی ایک فتویٰ جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ خامنہ ای کے خون کا بدلہ لیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کے سپریم لیڈر کی شہادت، عراق میں تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا گیا
خیال رہے کہ حالیہ بیانات اور حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ عالمی برادری کی جانب سے تحمل اور سفارتی حل پر زور دیا جا رہا ہے تاکہ وسیع تر علاقائی تصادم سے بچا جا سکے۔







