برطانوی جریدے دی اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق انڈین فضائیہ کا ایک اور تیجس طیارہ حادثے شکار ہوگیا ہے، بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ رواں ماہ کے آغاز میں اس وقت پیش آیا جب سنگل سیٹ تیجس تربیتی پرواز مکمل کرنے کے بعد لینڈنگ کر رہا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں طیارے کے ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسے دوبارہ پرواز کے قابل بنانا ممکن نہ ہو۔ تاہم پائلٹ مکمل طور پر محفوظ رہا اور اسے کوئی سنگین چوٹ نہیں آئی۔
واضح رہے کہ تیجس طیارے کو انڈیا کے سرکاری دفاعی ادارے ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) تیار کرتا ہے، جس نے اب تک انڈین فضائیہ کو 32 سنگل سیٹ تیجس طیارے فراہم کیے ہیں، جب کہ ان میں سے تین اب تک حادثات کا شکار ہو چکے ہیں۔
اس سے قبل مارچ 2024 میں پہلا حادثہ ریاست راجستھان کے شہر جیسلمیر میں ایک تربیتی پرواز کے دوران پیش آیا تھا، جہاں پائلٹ بحفاظت طیارے سے باہر نکلنے میں کامیاب رہا۔ بعد ازاں ہونے والی تحقیقات میں انجن تک ایندھن کی فراہمی کے نظام میں خرابی کی نشاندہی کی گئی، جس کے باعث انجن جام ہو گیا تھا۔ تاہم تحقیقاتی رپورٹ میں طیارے کے بنیادی ڈیزائن یا نظام میں کسی بڑی تکنیکی خامی کی تصدیق نہیں کی گئی۔
دوسرا حادثہ نومبر 2025 میں دبئی ایئر شو کے دوران فضائی مظاہرے کے وقت پیش آیا تھا، جس میں انڈین فضائیہ کا ایک پائلٹ ہلاک ہو گیا تھا۔ اس واقعے کی تحقیقات تاحال جاری ہیں اور حتمی رپورٹ منظرِ عام پر نہیں آئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے، کتنے کمانڈرز مارے گئے؟
تازہ حادثے کے بعد انڈین فضائیہ نے تیجس کے پورے بیڑے کا جامع تکنیکی جائزہ شروع کر دیا ہے تاکہ کسی ممکنہ فنی خرابی کی نشاندہی کی جا سکے۔
یاد رہے کہ انڈین فضائیہ مجموعی طور پر 220 تیجس طیاروں کا آرڈر دے چکی ہے، تاہم فراہمی میں تاخیر اور جدید ماڈل کی تیاری میں بار بار ڈیڈ لائنز گزر جانے سے دباؤ میں اضافہ ہوا ہے۔






