گینزویل پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک سنگل انجن طیارہ ہاکر بیچ کرافٹ بی ای-36 مختصر پرواز کے دوران اچانک انجن میں خرابی کا شکار ہو گیا۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے تصدیق کی ہے کہ طیارے کو دوپہر تقریباً 12 بج کر 10 منٹ پر انجن کی رفتار یعنی آر پی ایم میں سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں دو پائلٹ سوار تھے جو گینزویل کے لی گلمر میموریل ایئرپورٹ سے اڑان بھر کر چیروکی کاؤنٹی ریجنل ایئرپورٹ کینٹن جا رہے تھے، تاہم پرواز کے چند ہی لمحوں بعد انجن میں خرابی سامنے آنے پر پائلٹس نے فوری طور پر واپس لوٹنے کا فیصلہ کیا۔

نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) کے مطابق پائلٹ نے محسوس کیا کہ طیارے میں اتنی طاقت باقی نہیں رہی کہ وہ دوبارہ ایئرپورٹ تک پہنچ سکے، جس کے بعد انہوں نے سڑک پر ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی۔ لینڈنگ کے دوران طیارہ بے قابو ہو گیا اور کم از کم تین گاڑیوں سے ٹکرا گیا۔

مزید پڑھیں: ایران کے دارالحکومت تہران کی ایک مارکیٹ میں شدید آگ، ریسکیو آپریشن جاری

حادثے کے نتیجے میں کئی افراد کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں، جبکہ ایک ڈرائیور سمیت دو افراد کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں سفید رنگ کے طیارے کو سڑک کے ایک مصروف چوراہے کے قریب دیکھا جا سکتا ہے، جہاں اس کے اگلے حصے اور دائیں بازو کو شدید نقصان پہنچا۔ ایک تصویر میں ایک ایس یو وی کی اگلی باڈی بھی بری طرح متاثر دکھائی دیتی ہے، جبکہ فائر ڈیپارٹمنٹ اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیوں میں مصروف نظر آ رہے ہیں۔

 طیارے کے دائیں بازو کے ایک گاڑی سے ٹکرانے کے نتیجے میں فیول ٹینک الگ ہو کر ایک ایس یو وی کے پچھلے حصے سے جا ٹکرایا اور گاڑی کے اندر جا گرا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی آگ نہیں بھڑکی، جس سے بڑا جانی نقصان ٹل گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ ایف اے اے اور این ٹی ایس بی کی ٹیمیں طیارے کے انجن، تکنیکی خرابی اور ہنگامی لینڈنگ کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق واقعہ ایک بڑے سانحے میں تبدیل ہو سکتا تھا، تاہم پائلٹس کی بروقت کوششوں اور فوری امدادی کارروائی کے باعث قیمتی جانیں محفوظ رہیں۔