فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جنوب مغربی سوئٹزرلینڈ کے کینٹن والیس کی پولیس نے بتایا کہ نئے سال کی تقریبات کے دوران سیاحوں میں مقبول ایک شراب خانے میں نامعلوم وجوہات کے باعث آگ لگ گئی۔
پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ واقعے میں کئی افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ واقعے کو سنگین قرار دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بڑے پیمانے پر ایمرجنسی آپریشن جاری ہے۔
بیان کے مطابق پولیس، فائر بریگیڈ اور ریسکیو اہلکاروں کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تاکہ متاثرین کو امداد فراہم کی جا سکے۔
علاقائی روزنامہ لے نوویلیست نے ذرائع کے حوالے سے بڑے جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق تقریباً 40 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے، تاہم پولیس نے ہلاکتوں کی حتمی تعداد کی تصدیق نہیں کی۔
سوئس میڈیا کی جانب سے شائع تصاویر میں ایک عمارت کو شعلوں کی لپیٹ میں دکھایا گیا ہے جب کہ لوگ اندھیرے میں جان بچانے کے لیے بھاگتے نظر آ رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں عندیہ دیا گیا ہے کہ آگ ممکنہ طور پر ایک کنسرٹ کے دوران آتش بازی کے استعمال سے لگی، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔
مزید پڑھیں: 2025 میں صحافیوں کے لیے فلسطین سب سے خطرناک خطہ قرار، عالمی صحافتی تنظیم کی رپورٹ
پولیس ترجمان گیتاں لاتیوں کے مطابق واقعے کے آغاز میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر ایک دھماکہ ہوا، جو رات تقریباً ڈیڑھ بجے “لا کنستلیشن” نامی بار میں پیش آیا، جہاں نئے سال کی تقریبات کے لیے 100 سے زائد افراد موجود تھے۔
دھماکے کے کئی گھنٹے بعد اے ایف پی کے فوٹوگرافر نے کرانس مونتانا جانے والی سڑک پر متعدد ایمبولینسز دیکھی ہیں۔
پولیس کے مطابق متاثرہ علاقہ عوام کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، جب کہ کرانس مونتانا کے اوپر نو فلائی زون بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔







