ایچ بی او میکس پر نشر ہونے والی پہلی  قسط کا مرکز طویل عرصے سے منتظر بیٹل آف دی گَلٹ رہی، جہاں رینیرا ٹارگیرین کی حامی ٹیم بلیک کو بڑا نقصان اٹھانا پڑا۔ قسط میں دکھایا گیا کہ رینیرا، ایلیسنٹ ہائی ٹاور کی اس تجویز پر غور کر رہی ہیں جس کے تحت کنگز لینڈنگ پر قبضہ کرکے ایگون دوم کو اقتدار سے ہٹایا جا سکتا ہے۔

تاہم صورتحال اس وقت بدل جاتی ہے جب یہ انکشاف ہوتا ہے کہ شدید زخمی ایگون دوم کو لیرس اسٹرونگ خفیہ طور پر ریڈ کیپ سے نکال چکا ہے۔ فرار کی یہ کوشش اس وقت ناکام ہو جاتی ہے جب رینیرا کے وفادار جنگجو انہیں گرفتار کر لیتے ہیں۔

دوسری جانب سمندر میں ٹرائی آرکی کے بحری بیڑے اور رینیرا کی افواج کے درمیان شدید معرکہ آرائی دیکھنے میں آتی ہے۔ لارڈ کورلیس ویلاریون کی قیادت میں ہونے والی اس جنگ میں ڈریگنز کی تباہ کن طاقت نے میدانِ جنگ کو آگ اور خون کا منظر بنا دیا۔

جنگ کے دوران رہینا ٹارگیرین کا نیا ڈریگن شیپ اسٹیلر بھی میدان میں اترتا ہے، تاہم اس پر مکمل قابو نہ ہونے کے باعث ڈریگن کی آگ دشمن کے ساتھ ساتھ اتحادی جہازوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے، جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو جاتی ہے۔

مزید پڑھیں:اسپائیڈر مین برینڈ نیو ڈے کی نئی تفصیلات سامنے آگئیں، پیٹر پارکر کو پراسرار خطرے کا سامنا

قسط کا سب سے بڑا اور افسوسناک لمحہ اس وقت آتا ہے جب جیکیریس ویلاریون اور ان کا ڈریگن ورمیکس جنگ کے دوران مار گرائے جاتے ہیں، جو رینیرا کے حامیوں کے لیے ایک شدید دھچکا ثابت ہوتا ہے۔

ادھر کنگز لینڈنگ میں بھی سیاسی رسہ کشی جاری ہے، جہاں ایلیسنٹ ہائی ٹاور، ایمنڈ ٹارگیرین پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہی ہیں جبکہ خانہ جنگی ایک نئے اور خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ ہاؤس آف دی ڈریگن کے تیسرے سیزن کی پہلی قسط 21 جون کو نشر ہوئی، جبکہ آٹھ اقساط پر مشتمل یہ سیزن ہر اتوار کو پیش کیا جائے گا۔ سیزن کا اختتام 9 اگست 2026 کو ہوگا۔