خاندانی ذرائع کے مطابق وہ بدھ کے روز اپنے اہلِ خانہ کے درمیان پُرسکون انداز میں اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ اوہائیو میں پیدا ہونے والے ٹیڈ ٹرنر کو ان کے بے باک اندازِ گفتگو کے باعث ماؤتھ آف دی ساؤتھ کے نام سے بھی جانا جاتا تھا۔
انہوں نے نہ صرف خبر رسانی کے میدان میں انقلاب برپا کیا بلکہ تفریح، کھیل اور فلاحی سرگرمیوں سمیت کئی شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں۔
ٹیڈ ٹرنر نے اپنے کیریئر کا آغاز محض 24 برس کی عمر میں اپنے والد کی وفات کے بعد اشتہاری کمپنی سنبھال کر کیا۔ انہوں نے محدود کاروبار کو وسعت دیتے ہوئے ریڈیو اسٹیشنز خریدے اور پھر 1970 میں ایک کمزور ٹی وی چینل حاصل کر کے نشریاتی دنیا میں قدم رکھا۔
پرانے ڈراموں اور فلموں کے ذریعے انہوں نے اس چینل کی مقبولیت میں اضافہ کیا، جس کے بعد وہ مزید بڑے خواب دیکھنے لگے۔
1976 میں انہوں نے اپنے چینل کے سگنل کو سیٹلائٹ کے ذریعے پورے ملک میں نشر کیا، جو کیبل ٹی وی کی تاریخ کا پہلا سپر اسٹیشن بنا۔ اسی کامیابی نے انہیں ایک ایسا منفرد تصور دینے کی ہمت دی جس نے دنیا بدل دی، ایک ایسا چینل جو چوبیس گھنٹے خبریں نشر کرے۔
یکم جون 1980 کو انہوں نے دنیا کا پہلا چوبیس گھنٹے چلنے والا خبر رساں چینل قائم کیا، جس نے خبر رسانی کے انداز کو ہمیشہ کے لیے بدل دیا۔ ابتدا میں اس منصوبے کو غیر سنجیدہ قرار دیا گیا، مگر وقت نے ثابت کیا کہ یہ ایک انقلابی قدم تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بی جے پی میں شامل ہوتے ہی بالی ووڈ اداکار 10 لاکھ فالوورز سے محروم ہوگئے
1990 کی خلیجی جنگ کے دوران اس چینل کی اہمیت دنیا پر واضح ہوئی جب پہلی بار جنگ کی براہِ راست نشریات دنیا بھر میں دکھائی گئیں۔ اس کامیابی پر 1991 میں انہیں ٹائم میگزین کی جانب سے سال کی شخصیت قرار دیا گیا۔
ٹیڈ ٹرنر نے بعد ازاں اپنے میڈیا ادارے کو ایک بڑے کارپوریٹ گروپ کو فروخت کر دیا، تاہم وہ ہمیشہ اپنے قائم کردہ خبر رساں ادارے کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا کارنامہ قرار دیتے رہے۔
ذرائع ابلاغ کے علاوہ وہ ایک بڑے فلاحی شخصیت بھی تھے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کے لیے ایک ارب ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان کیا اور اس مقصد کے لیے ایک فاؤنڈیشن قائم کی۔
وہ جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے حامی، ماحولیات کے محافظ اور نایاب جانوروں کے تحفظ کے لیے سرگرم رہے۔ انہوں نے امریکا میں بائسن (جنگلی بیل) کو دوبارہ متعارف کرانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
لازمی پڑھیں: مائیکل جیکسن کی بایوپک نے امریکی باکس آفس پر تاریخ رقم کر دی
ان کی ذاتی زندگی بھی نشیب و فراز سے بھرپور رہی۔ بچپن میں سخت تربیت، بہن کی بیماری اور والد کی خودکشی جیسے صدمات نے ان کی شخصیت پر گہرے اثرات ڈالے، مگر انہوں نے ان مشکلات کو اپنی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا۔
اپنے عروج کے دور میں انہوں نے اداکارہ جین فونڈا سے شادی کی، جو ایک دہائی تک قائم رہی۔ علیحدگی کے باوجود دونوں کے درمیان تعلقات خوشگوار رہے۔
2018 میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ وہ ایک دماغی بیماری میں مبتلا ہیں، جب کہ 2025 میں نمونیا کے باعث اسپتال میں بھی زیر علاج رہے۔ ٹیڈ ٹرنر اپنے پیچھے پانچ بچوں، چودہ پوتے پوتیوں اور دو پڑپوتوں کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔
میڈیا ماہرین کے مطابق ٹیڈ ٹرنر نے نہ صرف خبر رسانی کا انداز بدلا بلکہ دنیا کو حقیقی وقت میں حالات دیکھنے کی طاقت دی۔ ان کا وژن آج بھی عالمی صحافت کی بنیادوں میں شامل ہے اور انہیں ہمیشہ ایک عظیم مصلح اور انقلابی رہنما کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔







