وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اور چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی نے سانحہ ترلائی کے حوالے سے قومی پیغامِ امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترلائی کا واقعہ نیا اور غیر متوقع ہے، جو پاکستان دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائی کا واضح ثبوت ہے۔

نجی نشریاتی ادارے ایکسپریس نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، یہ خوارج ہیں جو مساجد اور چرچوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ قرآن کے مطابق کسی بے گناہ مومن کا قاتل ہمیشہ جہنم میں رہے گا اور ایسے عناصر اللہ کی لعنت کے مستحق ہیں۔

علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ پیغامِ پاکستان کے ضابطۂ اخلاق پر تمام مکاتبِ فکر کے اکابرین کے دستخط موجود ہیں اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنا مسلک نہ چھوڑو، دوسرے کے مسلک کو نہ چھیڑو، کیونکہ اتحاد و اتفاق کے ذریعے ہی دہشت گردی کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بزدل دشمن عام شہریوں، عورتوں، بچوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بناتا ہے، کیونکہ ہمارا دشمن ہماری افواج کا سامنا کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔

علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ خدیجۃ الکبریٰؓ عظمت اور شان والا نام ہے۔ ہماری ماں سیدنا خدیجۃ الکبریٰؓ سب سے پہلے کلمہ پڑھ کر گواہی دینے والی ہیں۔ اگر حملہ آور مسلمان ہوتا تو اس نام کو دیکھ کر کبھی حملہ نہ کرتا۔ دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، کیونکہ جو کسی مومن کو قتل کرے گا وہ ہمیشہ جہنم میں رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ‏پارٹی تو میری ہے، پی ٹی آئی سے تو مجھے عمران خان بھی نہیں نکال سکتا، جنید اکبر

انہوں نے کہا کہ جس نے اللہ کے ساتھ شرک کیا اور قتلِ ناحق کا ارتکاب کیا، اس کا انجام بھی ہمیشہ جہنم ہے۔ پمز اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کے دوران متاثرین نے بتایا کہ وہ سجدے میں تھے۔ ہم کمزور ہو سکتے ہیں، مگر ہمارا رب کمزور نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سجدے کی حالت میں حملہ کرنا کوئی نئی روایت نہیں۔ مسجد میں حضرت عمرؓ اور حضرت علیؓ پر بھی حملے کیے گئے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ مساجد پر حملہ کرنے والے نہ ان کے ماننے والے ہیں اور نہ ہی اسلام کے پیروکار ہیں۔

چیئرمین پاکستان علما کونسل نے کہا کہ موجودہ دہشت گردی کی لہر کے پیچھے فتنۃ الہندوستان کارفرما ہے اور افغانستان سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہدا کے لواحقین اور زخمیوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے اور جہاں کسی کو سہولت نہ ملے وہ براہِ راست اطلاع دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰؓ میں سیکیورٹی کی کمی پر کارروائی کی جا رہی ہے اور تمام سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف سے تفصیلی ملاقات، عوامی حقوق پر کسی سے بھی بات کرنے کو تیار ہوں: سہیل آفریدی

انہوں نے مساجد اور امام بارگاہوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنائیں۔

چیئرمین پاکستان علما کونسل نے حکومتِ پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سانحے کے پیشِ نظر حکومتی سطح پر تقریبات منسوخ کی گئیں۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امتِ مسلمہ کو ایک جسم کی مانند متحد رکھے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم فلسطینی عوام کی نمائندگی جرات اور مؤثر انداز میں کر رہے ہیں۔